’وقار یونس دوبارہ کمنٹری کرنے کے بجائے کوچنگ سیکھیں‘

لاہور: قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر عاقب جاوید نے وقار یونس کو مشورہ دیا ہے کہ اب وہ دوبارہ کمنٹری کرنے کے بجائے پہلے کوچنگ سیکھیں۔

تفصیلات کے مطابق سابق ٹیسٹ کرکٹر عاقب جاوید نے کہا کہ وقار یونس جب بھی کوچنگ سے ہٹے ہیں انہوں نے دوبارہ کمنٹری شروع کی، انہوں نے کمنٹری اور کوچنگ دو ہی کام کیے ہیں، کوچنگ انہوں نے سیکھی نہیں اس لیے بہتر ہے کہ اب وہ کمنٹری کے بجائے کوچنگ سیکھنے پر توجہ دیں۔

عاقب جاوید نے کہا کہ جب مصباح الحق کو کوچنگ کی ذمہ داریاں دی گئی تھیں تو میں نے اسی دن کہا تھا کہ اس سے بڑی زیادتی کوئی اور نہیں ہوسکتی کہ آپ پہلی مرتبہ کوچنگ کریں اور قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ ہوں۔

مزید پڑھیں: ’مصباح اور وقار بے نقاب ہوکر بھاگے ہیں‘

سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ وقار یونس کے بارے میں اب تو میں تب خوش ہوں گا جب وہ کوچنگ سیکھٰں گے اور سیدھا جاکر کہیں کوچنگ کریں، کمنٹری نہیں کریں، 15 برسوں میں 5 مرتبہ کوچ بنے ہیں، اتنا تو کسی پلیئر کا کم بیک نہیں ہوتا یہاں کوچ کا کم بیک ہوتا ہے، ایسا دنیا میں کہیں نظر نہیں آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ وقار یونس کو کبھی ہیڈ کوچ اور کبھی بولنگ کوچ بنادیا جاتا ہے میرا اختلاف طریقہ کار پر ہے جس شخص نے کوچنگ سیکھی نہیں آپ اسے کوچ کیوں بنادیتے ہیں۔

عاقب جاوید نے کہا کہ یقینی طور پر اب پاکستان ٹیم کے کوچز غیرملکی ہوں گے کیونکہ پاکستان میں کوچنگ کی ڈیولپمنٹ پر کام تو کیا ہی نہیں گیا، نہ کوئی اے ٹیم کے کوچز ہیں اور نہ ہی نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں کوالیفائیڈ کوچز ہیں، وہاں جتنے بھی لوگ ہیں وہ کوالیفائیڈ کوچز نہیں ہیں۔

Comments






#وقار #یونس #دوبارہ #کمنٹری #کرنے #کے #بجائے #کوچنگ #سیکھیں

اپنا تبصرہ بھیجیں