”کابل زور بازو سے فتح کیا، پاکستان کا کوئی کردار نہیں“ طالبان نے مقبوضہ کشمیر پر بھی موقف واضح کردیا

کابل (این این آئی ٗ آن لائن ٗ مانیٹرنگ ڈیسک)افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے واضح کیا ہے کہ پاکستان ہمارا دوسرا گھر ہے، اس کے خلاف اپنی سرزمین استعمال نہیں ہونے دیں گے۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کیخلاف روسی دور سے پروپیگنڈا ہو رہا ہے،کابل اپنے زوربازو سےفتح کیا،پاکستان کا اس میں کوئی کردار نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ امارات اسلامی کا افغانستان کے تمام علاقوں پرقبضہ ہے، طالبان نے افغانستان کے تمام علاقوں میں امن قائم کیا ہے۔ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ ہمیں بڑی تعدادمیں افغانوں کی حمایت حاصل ہے، ہم ایسی حکومت بنائیں گے جس میں تمام افغان شامل ہوں۔ دوسری جانب ایک انٹرویو میں ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر پر بھارت کو مثبت رویہ اپنانا چاہیے۔ بھارت کو کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دینا ہوگا، افغانستان کے عوام کشمیریوں کے شانہ بشنانہ کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم افغانستان میں شہریوں کو نقصان نہیں پہنچائیں گے، مجبور نہ کیا گیا توسخت قدم بھی نہیں اٹھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ٹی ٹی پی پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے جس میں مداخلت پر یقین نہیں رکھتے۔ خواہش ہے پاکستان میں کوئی بدامنی نہ ہو، نہیں چاہتے کہ کوئی ہماری سرزمین کوپڑوسی ملک کیخلاف استعمال کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں